مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورس کی بس کے نزدیک کار دھماکا

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورس کی بس کے نزدیک ایک کار زوردار دھماکے سے مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع رمبان کی سری نگر ہائی وے پر بھارتی سیکیورٹی فورس CRPF کی بس کے نزدیک ایک کار میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ سیکیورٹی فورس کی بس کو بھی نقصان پہنچا۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیراؤ کرلیا، کار کا ڈرائیور ممکنہ طور پر فرار ہوگیا ہے۔ تباہ ہونے والی کار کے ٹکڑوں کو فرانزک لیب بھیج دیا گیا ہے اور کار کی ملکیت کے لیے چھان بین کی جارہی ہے۔ ابتدائی طور پر حادثہ سلنڈر دھماکا لگتا ہے۔ دھماکے میں سیکیورٹی فورس کے اہلکار محفوظ رہے۔

زور دار دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ سیکیورٹی فورس کے اہلکار بھی خوف کے باعث بس سے باہر نکل آئے اور ٹریفک معطل کرکے کسی کو جائے وقوعہ کے قریب سے گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکیورٹی فورسز کی بس پر خود کش کار بمبار حملے میں 44 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرہ کریں

آپ کی ایمیل یا ویبشایع نہیں کی جائے گی. لازمی پر کریں *

*